نئی دہلی،18جون:سپریم کورٹ نے سرکاری اسپتالون میں ڈاکٹروں کی سکیورٹی بڑھانے سے متعلق ایک عرضی پر فوری طورپر سماعت سے منگل کو انکار کردیا۔
جسٹس دیپک گپتا نے عرضی پر سماعت کے دوران کہا کہ اس معاملے کی فوری طورپر سماعت کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں جاری ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرمی کی چھٹیوں کے بعد معاملے کی تفصیلی سماعت ہوگی۔
وکیل الکھ آلوک شریواستو نے مغربی بنگال میں کولکاتہ کے این آر ایس اسپتال میں ایک مریض کی موت سے مشتعل تیمارداروں کے ذریعہ ایک جونئر ڈاکٹر کی بری طرح پٹائی کے بعد ڈاکٹروں کی ہڑتال کے پیش نظر یہ عرضی دائر کی تھی۔
ڈاکٹروں نے وزیراعلی ممتا بینرجی کے ساتھ میٹنگ کے بعد ان کی سبھی مطالبے مانے جانے کے بعد ایک ہفتے سے جاری ہڑتال پیر کی رات ختم کردی۔