بلقیس بانو کے ’مجرموں‘ کو معافی دینے کے خلاف داخل عرضی پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ تیار
عدالت عظمیٰ جمعہ کے روز نیشنل فیڈریشن آف انڈین وومن کی عرضی پر سماعت کر رہا تھا جس میں بلقیس بانو معاملے کے قصورواروں کی سزا معاف کرنے کے فیصلے کو چیلنج پیش کیا گیا ہے۔
بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری معاملہ میں قصوروار 11 افراد کی رِہائی کے خلاف داخل عرضی پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ تیار ہو گیا ہے۔ یہ خبر بلقیس بانو کے لیے راحت بھری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ نے سال 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور ان کے کنبہ کے کئی اراکین کے قتل معاملے میں قصوروار افراد کو معافی دینے کے خلاف ایک خاتون تنظیم کے ذریعہ نئے سرے سے داخل عرضی پر سماعت کے لیے جمعہ کو رضامندی ظاہر کی۔ جسٹس اجئے رستوگی اور جسٹس سی ٹی روی کمار کی بنچ نے نئی عرضی کو اصل معاملے سے منسلک کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر اصل عرضی کے ساتھ سماعت کرے گی۔