نئی دہلی،13اگست(یواین آئی)سپریم کورٹ سے آمرپالی میں فلیٹ خریدنے والوں کو منگل کو بڑی راحت ملی۔
عدالت عالیہ نے نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا اتھاریٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ آمرپالی کے خریداروں کے حق میں فلیٹ رجسٹریشن کا کام شروع کریں۔
جسٹس ارون مشرا کی قیادت والی بینچ نے اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے دونوں اتھاریٹیز کے افسروں کو وارننگ بھی دی ہے کہ اگر فلیٹ خریداروں کو قبضہ دینے میں ان کی طرف سے تاخیر ہوتی ہے تو انہیں جیل بھی بھیجا جاسکتا ہے۔
بینچ نے اتھاریٹیز کی طرف سے تاخیر کرنےکےلئے ان کی سرزنش کی۔اتھاریٹی کے افسروں نے سپریم کورٹ کے سخت رخ کو دیکھتے ہوئے کہا کہ آمرپالی میں فلیٹ خیرداروں سے منسلک معاملوں کےلئے خصوصی سیل کی تشکیل کی جاچکی ہے۔اتھاریٹی کی طرف سے سپریم کورٹ کو یقین دلایا جاتاہے کہ اس کے حکم پر عمل کرنے کےلئے افسران کی تقرری کی جا چکی ہے۔
سپریم کورٹ نے 23جولائی کو آمرپالی گروپ کے لائسنس کو منسوخ کرتے ہوئے پبلک انڈرٹیکنگ نیشنل بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ (این بی سی سی)کو سبھی زیر التوا پروجیکٹوں کو پورا کرنےکےلئے مقرر کیاتھا۔