نئی دہلی ، 25 ستمبر (یواین آئی) ملک کے مختلف ٹی وی چینلوں کے ذریعہ ملک بھر میں پھیلائی جانے والی نفرت پر پابندی کا مطالبہ کے حوالہ سے کانگریس کے دو لیڈروں کی بیویاں بھی سپریم کورٹ پہنچی ہیں۔
ٹیلی ویژن چینل پر ایک مباحثہ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اپنی جان گنوانے والے کانگریس کے آنجہانی لیڈر راجیو تیاگی کی اہلیہ سنگیتا تیاگی اور ایک اور سینئر لیڈر پون کھیڑا کی اہلیہ کوٹا نیلیما نے سدرشن نیوز کے ’بنداس بول‘ پروگرام کے سلسلے میں مداخلت کی درخواست دائر کی ہے۔
دونوں خواتین نے کچھ اینکروں کے پروگراموں کا حوالہ دے کر انہیں آزادیٔ اظہار رائے کے حق کا فائدہ نہ دینے کی عدالت عظمیٰ سے درخواست کی ۔
درخواست گزاردونوں خواتین نے مخلتف چینلوں کے چار اینکرز کے پرائم ٹائم ٹی وی شوز کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان کے پروگرام زیادہ تر فرقہ وارانہ نوعیت کے ہوتے ہیں اور حکمران جماعت کی حمایت کرتے ہیں۔
وکیل سنیل فرناڈیز کے ذریعہ دائر درخواست میں ملک میں الیکٹرانک میڈیا کی صورتحال کا موازنہ نازی جرمنی سے کیا گیا ہے اور اس درخواست پر فوری سماعت کی عدالت عظمیٰ سے اپیل کی گئی ہے۔