سشانت سنگھ راجپوت کیس میں ہر لمحہ نیا اپ ڈیٹ اور ہر روز نئے انکشافات ہورہے ہیں ۔ اس کیس میں سی بی آئی اور ای ڈی جانچ کررہی ہے ۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے ایک معاملہ میں سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو سمن بھیجا تھا اور اسی سلسلہ میں ممبئی میں واقع ای ڈی کے دفتر میں ریا چکرورتی سے پوچھ گچھ کی گئی ۔
ریا کے ساتھ ان کے بھائی شیوک چکرورتی سمیت چار لوگوں سے پوچھ گچھ ہوئی ۔ اس درمیان شیوک چکرورتی کا بینک اسٹیٹمنٹ کو ہاتھ لگا ہے ۔ شیوک کے بینک اسٹیٹمنٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کے اکاونٹ سے پیسے براہ راست ان کے اکاونٹ میں ٹرانسفر کئے گئے تھے ۔ پیسے کوٹک بینک سے ٹرانسفر کئے گئے تھے ۔
اداکارہ سشانت سنگھ راجپوت کو مبینہ طور پر خودکشی کیلئے اکسانے کی ملزم اداکارہ ریا چکرورتی جمعہ کو ای ڈی کی جانب سے درج منی لانڈرنگ کے معاملہ میں مرکزی ایجنسی کے سامنے پیش ہوئیں ۔ اداکارہ بلارڈ ایسٹ علاقہ میں واقع ایجنسی کے دفتر میں دوپہر سے پہلے پیش ہوئیں ۔ ریا اپنے بھائی شیوک کے ساتھ آئی تھیں ۔ ریا چکرورتی کی بزنس مینیجر شرتی مودی بھی ایجنسی کے ذریعہ طلب کئے جانے کے بعد پیش ہوئیں ، مودی راجپوت کیلئے کام کرتی تھیں ۔
افسران نے بتایا کہ ریا چکرورتی اور شرتی مودی کا بیان بھی انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ راجپوت کے دوست اور ان کے ساتھ رہنے والے سدھار پٹھانی کو بھی ای ڈی نے ہفتہ کو پیش ہونے کیلئے طلب کیا ہے ۔ انہیں بھی اداکار کے والد کے ذریعہ بہار پولیس میں درج کرائی گئی شکایت کے سلسلہ میں طلب کیا گیا ہے ۔ سدھارتھ ابھی ممبئی سے باہر بتائے گئے ہیں ۔ نیوز چینلوں پر دئے گئے کئی انٹرویو میں وہ کہہ چکے ہیں کہ وہ چودہ جون کو اداکار کے باندرہ میں واقع فلیٹ میں تھے ۔ اداکار نے چودہ جون کو پھانسی لگا لی تھی ۔