سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی معاملہ میں بالی ووڈ کے پروڈیوسر و ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی سے پوچھ گچھ کی گئی ہے ۔ ممبئی پولیس نے ان سے تین گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی ۔ سنجے لیلا بھنسالی نے اس درمیان بتایا کہ سال 2016 کے بعد وہ تین مرتبہ سشانت سنگھ راجپوت سے فلم تقریبات میں ملے تھے ۔ تاہم ان میں فلموں کے کرنے کو لے کر ان کی سشانت سے کوئی بات نہیں ہوئی ۔
سنجے لیلا بھنسالی کے مطابق رم لیلا اور باجی راو مستانی کو لے کر ان کی سشانت سے سال 2016 سے پہلے ملاقات اور بات ہوئی تھی ، لیکن وائی آر ایف کے کنٹریکٹ میں ہونے کی وجہ سے وہ ان دونوں ہی فلموں کو نہیں کرپائے تھے ۔
قابل ذکر ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کا کریئر کائے پوچھے سے شروع ہوا تھا ۔ اس کے بعد یش راج فلمس کے ساتھ ٹیلنٹ کنٹریکٹ میں آئے تھے ۔ اس کے بعد انہوں نے شدھ دیسی رومانس کی تھی ۔ ان دونوں ہی فلموں نے سشانت کو کافی شہرت دلائی ۔ انہی دنوں سنجے لیلا بھنسالی کی ملاقات سشانت سے ہوئی تھی ۔ تب انہوں نے اپنی فلم رام لیلا اور باجی راو مستانی کو لے کر سشانت سے بات چیت کی تھی ۔
یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ یہ دونوں ہی فلمیں رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کے کریئر میں کتنا بڑا بدلاو لے کر آئی تھیں ۔ لیکن چونکانے والی بات یہ ہے کہ بھنسالی نے سشانت کے یہ فلمیں نہ کرنے کی وجہ بتائی کہ وہ یش راج فلمس کے ساتھ کنٹریکٹ میں تھے ، لیکن یہ بھی اتنا ہی بڑا سوال تھا کہ رنویر سنگھ بھی یش راج کے ساتھ کنٹریکٹ میں تھے ، تو انہیں یہ فلمیں کیوں نہیں کرنے دیا گیا ۔
بتادیں کہ گزشتہ 14 جون کی دوپہر اداکار سشانت سنگھ کو ان کے باندرہ میں واقع فلیٹ میں مردہ پایا گیا تھا ۔ اس کو خودکشی بتایا جارہا ہے ۔ تاہم پولیس معاملہ کی جانچ کررہی ہے ۔ پولیس نے اب تک درجنوں افراد سے پوچھ گچھ کی ہے ، جس میں سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی اور سشانت کے منیجر وغیرہ شامل ہیں ۔ سشانت کی پوسٹ مارٹم میں گلے پر زور پڑنے کی وجہ سے موت ہونے کی وجہ سامنے آئی ہے ۔ مگر پولیس کئی پہلووں سے معاملہ کی جانچ کررہی ہے ۔