لکھنؤ: یوپی اے ٹی ایس نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے لیے کام کرنے والے ایک مشتبہ جاسوس کو گرفتار کیا ہے۔ مشتبہ ملزم رامپور کا رہنے والا ہے۔
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ ہندوستان کی خفیہ معلومات آئی ایس آئی کو بھیج رہا تھا۔ اس کے علاوہ اس نے پاکستانی ایجنسی کے ایجنٹوں کو بھی مدد فراہم کی۔ اے ٹی ایس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
اے ٹی ایس نے ہفتہ کے روز مراد آباد سے رامپور کے ٹانڈہ کے آزاد نگر محلہ کے رہنے والے شہزاد کو گرفتار کیا۔ یوپی اے ٹی ایس کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شہزاد پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی کو ہندوستان کی خفیہ معلومات فراہم کر رہا تھا۔
یوپی میں سرگرم آئی ایس آئی ایجنٹوں کو پیسے دینے کے علاوہ، اس نے انہیں ہندوستان کے خلاف جاسوسی کے لیے سم کارڈ بھی فراہم کیے تھے۔
اس کے علاوہ شہزاد پر آئی ایس آئی کے لیے کام کرنے کے لیے لوگوں کو پاکستان جانے کے لیے ویزے فراہم کرنے کا بھی الزام ہے۔ اے ٹی ایس کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص ہندوستان پاکستان سرحد پر اسمگلنگ کر رہا ہے۔
اسے پاکستانی خفیہ ایجنسی کا تحفظ حاصل ہے۔ آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی کے علاوہ وہ ملک دشمن سرگرمیوں میں بھی ملوث ہے۔ اس کے بعد اے ٹی ایس نے اسے گرفتار کرلیا۔
شہزاد کئی سالوں سے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ، شہزاد کاسمیٹکس، کپڑے، مصالحہ جات اور دیگر سامان غیر قانونی طور پر پاک بھارت سرحد کے پار اسمگل کرتا ہے۔
اس آڑ میں وہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے لیے کام کرتا ہے۔ شہزاد کے آئی ایس آئی کے کئی ایجنٹوں سے اچھے تعلقات ہیں۔ وہ مسلسل ان سے رابطے میں رہتا ہے۔ شہزاد کے خلاف ٹھوس ثبوت ہونے کے بعد اے ٹی ایس اے نے لکھنؤ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔