اسٹاک ہوم 30 اگست (یو این آئی/ژنہوا) سویڈن کے ایک مسافر بردار جہاز میں آگ لگنے کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران تقریباً 300 مسافروں کو بچا لیا گیا۔ سویڈش ٹیلی ویژن کے مطابق پیر کی شام جہاز میں اچانک آگ لگ گئی۔
تاہم بحیرہ بالٹک میں خراب موسم کے سبب امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ آئی۔ جب یہ جہاز گوٹ لینڈ جزیرے کے شمال میں واقع گوٹسکا سینڈن جزیرے کے قریب پہنچا تبھی اچانک جہاز کے کار کے ڈیک میں آگ لگ گئی۔ شکر ہے کہ آگ کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔
سویڈش ٹیلی ویژن کے مطابق جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی متعدد بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیے گئے اور بعد ازاں آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے سے جہاز کا برقی نظام تباہ ہو گیا۔ بجلی کے بغیر عملہ لنگر انداز نہیں ہو سکتا تھا، اس لیے اسٹینا اسکینڈیکا کو 15 سے 20 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے ہواؤں کے جھونکوں میں بہہ جانے کے لیے چھوڑ دیا گیا۔
سویڈش میری ٹائم ایڈمنسٹریشن کے جوہان واہلسٹروم نے سویڈش ٹیلی ویژن کو بتایا کہ جہاز کو بندرگاہ تک لے جانے کے لیے اسٹاک ہوم کے جنوب میں واقع نیاشمن کی بندرگاہ سے ایک فیری روانہ کی گئی۔ اس کے بعد جہاز پر موجود لوگوں کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔