حیدرآباد: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پروفیسر سید عین الحسن کو ادب اور تعلیم کے میدان میں پدم شری سے نوازا ہے۔ پروفیسرسید عین الحسن ایک نامور ماہر تعلیم ہیں جن کا تعلیمی میدان میں وسیع تجربہ ہے۔ وہ انڈولوجی، ہندوستانی ثقافت، تقابلی مطالعہ، زبان اور ادب میں مہارت رکھتے ہے۔
جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی میں فارسی اینڈ سینٹرل ایشین اسٹڈیز اسکول آف لینگوئج، لٹریچر اینڈ کلچر اسٹڈیز میں بطور پروفیسر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں بتیس سال سے زیادہ عرصے کا تدریس اور تحقیق کا تجربہ حاصل ہے۔
سید عین الحسن کشمیر یونیورسٹی، جواہر لال نہرو یونیورسٹی، اور کاٹن کالج اسٹیٹ یونیورسٹی کے مخصوص کورسز ڈیزائن کر چکے ہیں۔ انہوں نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی میں افغان ریسورس سینٹر کا آغاز کر کے ہند افغان تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہیں 2017 میں پریزیڈنٹ آف انڈیا سرٹیفکیٹ آف آنر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ 23 جولائی 2021 کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے وائس چانسلر مقرر کیے گئے۔
فی الوقت مولانا آزاد نیشنل اردو یونیور سٹی کے وائس چانسلر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اب انہیں رواں سال 2025 میں پدم شری سے نوازا گیا۔ پدم شری بھارت کے سب سے بڑے سول ایوارڈز میں سے ایک ہے۔