عام انتخابات ہوں یا اسمبلی انتخابات، ابھی تک دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام انتخابات میں اپنا اہم رول نبھاتے رہے ہیں۔ انتخابات کے دوران ملک کے رائے دہندگان ہی نہیں، سیاسی پارٹیوں کی نگاہیں بھی ان کے ایک اعلان پر ٹکی رہتی ہیں۔
لیکن اس بار عام انتخابات 2019 کے پہلے مرحلہ کی انتخابی مہم شروع ہوتے ہی شاہی امام سید احمد بخاری نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بار انتخابات میں کوئی سیاسی اعلان نہیں کریں گے۔
فون پر نیوز 18 کے ساتھ خاص بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ’’ اس لوک سبھا الیکشن میں میں کوئی اعلان نہیں کروں گا۔ کسی بھی پارٹی کے حق میں یا مخالفت میں کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا۔ میں چاہتا ہوں کہ اس بار عوام خود فیصلہ لیں۔ وہ خود سوچیں کہ کون ان کے لئے صحیح ہے اور کون غلط ۔ کسے ووٹ دینا ہے اور کسے نہیں دینا ہے‘‘۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ وقت سے امام احمد بخاری نے چپی سادھی ہوئی ہے۔ خاص طور سے سیاسی بیان بازی اور کچھ چنندہ واقعات پر کچھ وقت سے ان کا کوئی بیان پڑھا اور سنا نہیں گیا ہے۔ کیا سیاسی پارٹیاں ان سے رابطہ کر رہی ہیں، اس سوال پر امام بخاری نے کہا ’’ صرف سیاسی پارٹی ہی نہیں اور بھی بہت سارے لوگوں کے فون آئے۔ لیکن میرا فیصلہ ایک ہی ہے۔ کیونکہ کچھ لوگ ہیں جو یہ چاہتے ہیں کہ میں کچھ بولوں‘‘۔