شام کے شہر رالرقّہ کے ایک محلّے المشلب میں سیکڑوں شہری اپنے گھروں کو لوٹ آئے ہیں۔ یہ پیش رفت مذکورہ علاقے کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کی کارروائی اختتام پذیر ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ واضح رہے کہ رقّہ سے داعش تنظیم کے نکالے جانے کے بعد یہ واپس لوٹنے والے شہریوں کی پہلی کھیپ ہے۔
سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے میڈیا سینٹر نے شہر کی بحالی اور مقامی آبادی کے واپس لوٹنے کے لیے نئے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
المشلب کا محّلہ الرقّہ شہر کا وہ پہلا علاقہ تھا جس پر سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے بین الاقوامی اتحاد کی سپورٹ سے کنٹرول حاصل کیا تھا۔
کرد اور عرب مسلح گروپوں پر مشتمل سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے 17 اکتوبر کو الرقّہ شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لینے کا اعلان کیا تھا جو شام میں داعش تنظیم کا نمایاں ترین گڑھ شمار کیا جاتا تھا۔ ایس ڈی ایف کے ترجمان طلال سلو نے 20 اکتوبر کو رقّہ شہر کے داعش تنظیم سے آزاد کرا لیے جانے کا سرکاری طور پر اعلان کر دیا۔