شام پرامریکہ، برطانیہ اور فرانس کے حملوں کی جہاں عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے وہیں شامی عوام بھی سڑکوں پر نکل آئے۔
شام کے بہادر، نہتے اور غیور عوام نے آج صبح دمشق کی سڑکوں پر نکل کر شام پر امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی جارحیت کی مذمت کی اور احتجاج کیا۔
مظاہرین نے جن کے ہاتھوں میں شام کے جھنڈے تھے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے خلاف نعرے لگائے اور شام پر حملے کو انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
شامی مظاہرین نے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے شام کے خلاف ہر قسم کی جارحیت میں شام کی فوج اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے پر تاکید کی۔
شام کے دارالحکومت دمشق میں آج صبح ہونے والے مظاہرے نے دکھا دیا کہ شامی عوام دشمن کے خلاف متحد ہیں اور انہوں نے اپنے اتحاد و یکجہتی سے جس طرح داعش اور جبھۃ النصرہ جیسے دہشتگرد گروہوں کو شکست دی اس بار ان کے حامی ممالک کو بھی شکست سے دوچار کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکہ،برطانیہ اور فرانس نے کیمیائی ہتھیاروں کا بہانہ بنا کربغیر کسی ثبوت کے آج صبح شام پر میزائلی حملہ کیا جس پر عالمی سطح پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ یہ حملہ ایسے میں کیا گیا کہ جب شام کی فوج نے داعش اور جبھتہ النصرہ جیسے دہشتگرد گروہوں کو شکست دی تھی جس سے بخوبی دکھائی دیتا ہے کہ امریکہ اور اس کے بعض اتحادی داعش اور جبھتہ النصرہ جیسے دہشتگرد گروہوں کی شکست سے نہ فقط خوش نہیں ہیں بلکہ وہ ان دہشتگردوں کو بچانے کیلئے دہشتگردی کا مقابلہ کرنے والے فرنٹ لائن کے ملکوں اور تحریکوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اور شام پر حملہ بھی اسی لئے کیا گیا ہے۔