شام کی وزارت صحت نے بدھ کی رات ایک بیان جاری کر کے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اختیار کی گئيں تدابیر کامیاب رہی ہیں۔
بیان میں کہا گيا ہے کہ شام کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پابندیوں میں شدت کے باوجود، شام کی حکومت اور عوام نے میڈیکل شعبے کی جانب سے دی گئي ہدایات اور احکامات پر پوری طرح عمل کیا اور اس طرح، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی گئي۔
شام کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پچھلے ایک مہینے میں اس ملک میں کورونا کا ایک بھی نیا کیس سامنے نہیں آيا ہے۔
شام کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس ملک میں اب تک ایک سو تیئیس لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جن میں سے اب تک صرف چھے افراد کی موت ہوئي ہے۔ شام کی حکومت نے حالیہ دنوں میں زندگي کو معمول پر لانے کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ اس نے اسٹیڈیموں، ثقافتی و مذہبی مراکز یہاں تک کہ ریسٹورینٹس کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی ہے تاہم سیگریٹ نوشی اور حقے پر پابندی بدستور جاری رہے گي۔ شام کی وزارت صحت نے عوام کے درمیان سوشل ڈسٹینسنگ اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں سے دوری کو لازمی قرار دیا ہے۔