لگاتار 4 ٹی 20 سیریز ہارنے کے بعد پاکستان کے لیے عالمی نمبر ایک رینکنگ بچانا مشکل ہوگیا ہے اور قومی ٹیم کا عالمی نمبر 2 آسٹریلیا سے صرف ایک پوائنٹ کا فاصلہ رہ گیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں 0-2 سے شکست کے ساتھ ہی پاکستان کو رواں سال لگاتار چوتھی ٹی20 سیریز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا البتہ اس ناکامی کے باوجود قومی ٹیم بدستور عالمی نمبر ایک پر موجود ہے۔
ٹی20 کرکٹ میں گزشتہ 2 سال سے بہترین کھیل پیش کرنے والی پاکستانی ٹیم کی رواں سال کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں کارکردگی انتہائی پریشان کن ہے۔
قومی ٹیم کو سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹی20 سیریز ہارنے کے بعد انگلینڈ کے ہاتھوں واحد ٹی20 سیریز میں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
سری لنکا کی نوجوان اور ناتجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں مضبوط عالمی نمبر ایک ٹیم کو 0-3 کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں سابق کپتان سرفراز احمد کو قیادت سے برطرف کردیا گیا۔
تاہم قیادت کی تبدیلی بھی ٹیم کی کارکردگی پر کوئی مثبت اثر ڈالنے میں ناکام رہی اور پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف بھی سیریز میں 0-2 سے شکست ہوئی۔
اس 3میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بارش نے پاکستان کو یقینی شکست سے بچالیا لیکن باقی دونوں میچوں میں میزبان ٹیم باآسانی بازی مارلی۔
اگر سیریز کے افتتاحی میچ میں آسٹریلین ٹیم جیت جاتی تو قومی ٹیم عالمی نمبر ایک کی رینکنگ سے محروم ہو جاتی اور میزبان ٹیم عالمی نمبر ایک کا تاج سر پر سجا لیتی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی20 سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔
نئی رینکنگ میں بھی پاکستان بدستور عالمی نمبر ایک ہے لیکن اب اسے اپنی پہلی پوزیشن بچانے کے لالے پڑ گئے ہیں اور پاکستان کا عالمی نمبر دو آسٹریلیا کے ساتھ صرف ایک پوائنٹ کا فاصلہ رہ گیا ہے۔