بھارت نے ٹی20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں نیدرلینڈز کو باآسانی 56 رنز سے شکست دے دی۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بلے بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بھارت کو ابتدائی نقصان شروع میں ہی اٹھانا پڑا جب 11 کے اسکور پر اوپنر کے ایل راہول 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن بعد میں آنے والے بلے بازوں نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے ان کے نقصان کا ازالہ کیا۔
کپتان روہت شرما اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور 84 رنز تک پہنچایا اور کپتان نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔
نیدرلینڈز کے کلاسان نے 84 کے اسکور پر روہت شرما کو آؤٹ کیا جنہوں نے 39 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔
ویرات کوہلی اور سوریا کمار یادیو نے تیسری وکٹ کی طویل شراکت میں بھارت کو بہترین پوزیشن دلائی اور مزید کوئی وکٹ بھی گرنے نہیں دی، دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کرلیں۔
کوہلی نے 44 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔
سوریا کمار نے 25 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کو ہدف کے تعاقب میں 20 رنز میں ہی دو وکٹوں سے ہاتھ دھونا پڑا، جس کے بعد تیسری وکٹ 47 رنز پر گری، میکس او ڈاؤڈ اور بیس ڈی لیڈ 16،16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کولن ایکرمین نے 21 گیندوں پر 17 رنز بنائے، دوسرے اینڈ سے ٹام کوپر 9 اور کپتان اسکاڑ ایڈورڈز 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایشون اور بھونیشور کمار نے ان کی وکٹیں حاصل کیں۔
ٹم پرینگل نے ٹیم میں سب سے زیادہ 20 رنز بنائے اور محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، لوگان وین بیک 3 اور شاریز احمد 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
فریڈ کلاسان آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے، جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ پال وین میکرین نے آؤٹ ہوئے بغیر 14 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 123 رنز بنا سکی اور میچ میں 56 رنز سے شکست کھا گئی۔