آگرہ: اترپردیش محکمہ سیاحت کی جانب سے تاج کے شہر آگرہ میں ہر سال منعقد کیا جانے والا تاج فیسٹیول اس بار اپنی سلور جوبلی منا رہا ہے ۔ کل سے شروع ہونے والے اس فیسٹیول کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔25 ویں تاج فیسٹیول میں اس بار شہر میں 10 مقامات پر آرٹ اور کلچر کے پروگرام پیش کئے جائیں گے ۔شلپ گرام کے ساتھ گاندھی میموریل، گولف کورس، گیارہ سیڑھی کوئنس میری لائبریری، آگرہ کلب، آگرہ کالج ،فتح پور سیکری اور پالیوال پارک میں فیسٹیول کے دوران 18 سے 27 فروری کے درمیان پروگرام کرائے جائیں گے ۔ تاج محل کے پیچھے 21 سے 24 فروری تک پتنگ فیسٹیول بھی ہوگا۔فیسٹیول میں گلوکار موہت چوہان، شریا گھوشال، سنیدھی چوہان، ہری ہرن اور پلاش سین کے بھی پروگرام ہوں گے ۔ اس دوران ڈرامے کے ساتھ ساتھ کامیڈی نائٹ، قوالی، کوی سمیلن اور مشاعرہ کا پروگرام بھی ہوگا۔
تاج فیسٹیول کے پروگرام خاص طور پر شلپگرام میں ہوں گے . شلپگرام میں یہ شاید آخری تاج فیسٹیول ہوگا کیونکہ تاج اورینٹیشن سینٹر کی تعمیر کے کام کی وجہ سے اگلے سال شلپگرام میں فیسٹیول کا انعقاد ممکن ہی نہیں ہوگا۔ فیسٹیول کے فوراََ بعد شلپگرام کو توڑنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔شلپگرام میں فیسٹیول کے لئے تھیم پرمبنی پینٹنگ بنائی جا رہی ہیں۔ اہم اسٹیج پر بھی کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔ شلپگرام پر گیرواں رنگ کیا گیا ہے ۔ سنٹرل ہال اور مستقل دکانوں میں مرمت کا کام بھی کیا گیا ہے ۔شلپگرام میں کوی سمیلن اور مشاعرہ ہوگا۔ 20 فروری کو مشاعرے میں پرو فیسر وسیم بریلوی، طاہر فراز، منصور عثمانی اور منظر بھوپالی وغیرہ مشہور شاعر آئیں گے جبکہ 23 فروری کو سور اور نذیر کو وقف اکھل بھارتیہ کوی سمیلن میں ڈاکٹر اشوک چکردھر، پونم ورما، اجاتشترو، ارون جیمنی اور سوم ٹھاکر شرکت کریں گے ۔اس دوران 19 سے 21 فروری تک آگرہ کلب کے گولف کورس میں گولف مقابلہ منعقد کیا جائے گا جبکہ سورسدن میں پورے 10 دن تک شام کو ڈرامے پیش کئے جائیں گے ۔ادب سے محبت کرنے والوں کو فیسٹول سے جوڑنے کے لئے 20 فروری کو لٹریچر ڈے کا انعقاد کیا جائے گا۔اس دوران 24 فروری کو 11 سے دو بجے تک ٹورازم گلڈ آگرہ بیونڈ تاج پر سیمینار ہوگا۔