نئی دہلی، 2 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کی سینئر لیڈر تاجدار بابر کا سنیچر کو یہاں انتقال ہوگیا۔ وہ 85 برس کی تھیں۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور ان کے داماد عمران قدوائی نے بتایا کہ آج صبح انہوں نے آخری سانس لی۔
وہ طویل عرصے سے بیمار تھیں۔ ان کے کنبے میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ ان کے بیٹے فرہاد سوری 2006 میں انٹیگریٹڈ دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر رہے تھے اور پانچ سال تک جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے اپوزیشن کے لیڈر بھی رہے ہیں۔
وزیراعظم اندرا گاندھی کے دور حکومت میں محترمہ بابر دہلی ریاستی کانگریس کی صدر رہیں۔ وہ طویل عرصے تک نئی دہلی میونسپل کونسل کی وائس چیئرمین رہیں۔ وہ منٹو روڈ اسمبلی حلقہ سے دو باراور ایک بار جنگ پورہ اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے رہیں۔