انسان کے گمان میں بھی نہیں ہوتا اور بے ضرر چیزیں اسے مشکل میں ڈال دیتی ہیں جیسا کہ ایک شخص کو ٹالکم پاؤڈر نے جیل کی ہوا کھلا دی۔اس کو پولیس کی بے عقلی کہیں یا لا علمی کہ وہ جسم پر لگانے والے خوشبو دار ٹالکم پاؤڈر کو منشیات سمجھے اور اس کے مالک کو جیل بھیج دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ ارجنٹینا میں پیش آیا ہے جہاں پولیس نے میکسیمیلیانو نامی شخص کی تلاشی کے دوران اس کے پاس موجود ٹالکم پاؤڈر کو غلط فہمی میں کوکین سمجھ لیا اور بغیر اس کا موقف جانے شہری کو جیل بھیج دیا۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ شہری اکوسٹا مینڈوزا کے قصبے سے دارالحکومت بیونس آئرس جانے کے لیے بس میں سوار ہوا تھا کہ کچھ دیر بعد ہی بس کو پولیس نے روکا اور مسافروں کی تلاشی لی جس میں میکسیمیلیانو کے پاس سے ٹالکم پاؤڈر کے 18 ڈبے برآمد ہوئے۔پولیس نے شہری کی جانب سے یہ بتائے جانے کے باوجود کہ یہ منشیات نہیں بلکہ ٹالکم پاؤڈر ہے، اس کی ایک نہ سنی اور حراست میں لے کر اسے جیل بھیج دیا جب کہ پاؤڈر کو تحقیقات کے لیے لیبارٹری۔
یہ سفید سفوف منشیات (کوکین) نہیں بلکہ جسم پر لگایا جانے والا ٹالکم پاؤڈر تھا، یہ حقیقت جاننے کے لیے پولیس کو تین ہفتے لگے اور جب تک وہ شخص بے گناہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید رہا۔ٹیسٹ کا نتیجہ آیا تو پولیس حکام کو پتہ چلا کہ شہری درست کہہ رہا تھا کہ یہ منشیات نہیں بلکہ ٹالکم پاؤڈر تھا جس کے بعد اس کو رہا کر دیا گیا۔