کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان پولیس کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں چالیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ 2 حملہ آوروں نے کابل میں افغان پولیس کے دستے پر حملہ کرنے کے بعد خود کو بم دھماکے سے اڑا لیا۔
افغان پولیس کا دستہ مغربی شہر سے گریجویشن کی تقریب سے واپس آرہا تھا۔
دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک رپورٹ میں واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 40 بتائی گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغانستان کے وزیر داخلہ صدیق صدیقی نے بتایا کہ پولیس کی 2 گاڑیوں کو بم دھماکے کا نشانہ بناگیا۔
ضلع پغمان کے گورنر حاجی محمد موسیٰ خان کے مطابق واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
اے ایف پی کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
افغانستان میں حالیہ دنوں میں سیکیورٹی فورسز پر طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے، جو سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد نئے امیر مولوی ہیبت اللہ اخوانزادہ کی قیادت میں خود کو منظم کر رہے ہیں۔
رواں ماہ 20 جون کو بھی کابل میں نیپالی سیکیورٹی گارڈز کی بس میں ہونے والے دھماکے کے نیتجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔