نئی دہلی : انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے تمل ناڈو میں ریت کی غیر قانونی کانکنی کے معاملے میں ریت کی کان کنی میں مصروف کچھ تاجروں کے 34 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
اس کارروائی کے دوران 2 کروڑ روپے سے زائد کی نقدی، ایک کلو گرام سے زیادہ سونا ضبط کیا گیا اور 12 کروڑ روپے سے زائد کی جائیداد ضبط کی گئی۔
ای ڈی نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ ان کی ٹیموں نے تمل ناڈو کے چھ اضلاع میں 34 مقامات پر تلاشی لی ہے ، جس میں کچھ تاجروں، ریاستی آبی وسائل کے محکمے کے کچھ عہدیداروں کے ساتھ ساتھ آٹھ ریت ذخیرہ کرنے والے یارڈ بھی شامل ہیں۔ یہ کارروائی 12 ستمبر کو کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اہداف میں ایس رام چندرن، کے ۔ رتھنم، کریکلان اور ان کے کچھ ساتھیوں اور آڈیٹر پی شانموگراج کے گھر اور کاروباری ادارے شامل ہیں۔
ای ڈی نے ریاستی حکومت کے محکمہ آبی وسائل کے کچھ عہدیداروں کے احاطے کی بھی تلاشی لی ہے ۔
ای ڈی کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران 12.82 کروڑ روپے کی کئی دستاویزات اور جائیداد ضبط کی گئی ہے اور 2.33 کروڑ روپے کی بے حساب نقدی اور 56.86 لاکھ روپے کی مالیت کا 1024.6 گرام سونا ضبط کیا گیا ہے ۔