یو پی میں کمبھ میلہ جاری ہے اور گنگا کا پانی گندہ نہ ہو اس لیے یوگی حکومت نے کئی ٹنریز کو فی الحال بند کر دیا ہے۔ کئی کارخانہ مالکوں نے ممتا حکومت سے بنگال میں کارخانہ کھولنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔
اتر پردیش کی یوگی حکومت نے کانپور اور اس کے آس پاس چل رہی چمڑا صنعت کو دھچکا پہنچاتے ہوئے اس پر کچھ مہینے کی جو پابندی لگائی اس سے ریاست کو اب ایک بڑا خسارہ پہنچتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ دراصل کانپور واقع کئی ٹینریز (چمڑا کارخانہ) کمبھ میلہ کی وجہ سے ٹھپ پڑے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گزشتہ 15 دسمبر سے مارچ 2019 تک گنگا میں کسی بھی طرح کی صنعتی گندگی ڈالنے سے منع کیا ہوا ہے۔ اس کے مدنظر سبھی ٹنریز کو بند کرنے کی سخت ہدایت حکومت کے ذریعہ دی گئی ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ چمڑا صنعت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور ایسے وقت میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ان کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھایا ہے۔