پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی امریکا سے پاکستان واپسی کے دوران ان کے طیارے میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کے باعث اسے واپس نیویارک روانہ کردیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان سعودی حکومت کی جانب سے دیے گئے طیارے میں سفر کر رہے تھے۔
عمران خاںکے اس خصوصی طیارے نے جمعہ کی رات نیویارک کے کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز کی جس کے 2 گھنٹوں بعد ہی اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔
طیارے کی خرابی کو دور کرنے کے لیے اسے واپس نیویارک کے کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ روانہ کردیا گیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی جنہوں نے عمران خاں کو نیویارک سے خیرباد کہا تھا وہ واپس ایئرپورٹ پہنچیں۔وزیراعظم نے طیارے کی تکنیکی خرابی کے دور ہونے تک ایئرپورٹ پر انتظار کیا تاہم تکنیکی ماہرین کے مطابق یہ خرابی ہفتے کی صبح تک ٹھیک ہوگی جس کے بعد وہ ہفتے کو واپس وطن روانہ ہوں گے۔
ادھر حکام کا کہنا ہے کہ اگر عمران خاںکا خصوصی طیارہ ٹھیک نہیں ہوتا تو وہ کمرشل پرواز کے ذریعے واپس پاکستان روانہ ہوجائیں گے، کیونکہ وہ زلزلے زدہ علاقوں کا دورہ اور متاثرین سے ملنا چاہتے ہیں۔