ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کی شرکت سے تہران میں دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔ہندوستان کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر اور ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمدجواد ظریف نے اس اجلاس میں اہم دوطرفہ معاملات اور علاقائی و عالمی مسائل پر بھی بات چیت کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا انیسواں اجلاس دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مختلف وزارت خانوں، سیاسی ، اقتصادی، تجارتی ، بینکاری ، ٹرانسپورٹ اور شیپنگ کے محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی – ہندوستانی وزیرخارجہ ایس جے شنکر دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لئے اتوار کی صبح تہران پہنچے تھے – ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ اس سے قبل بھی انرجی ، افغانستان اور چند جانبہ علاقائی تعاون پر بات چیت کے لئے مشترکہ نشستیں منعقد کرچکے ہیں اور ہندوستانی وزیرخارجہ کے آج کے دورے کو بھی دوطرفہ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے دائرے میں ہی دیکھا جانا چاہئے۔