پٹنہ : بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل (دل) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے آج مرکزی حکومت سے ریاست میں ذات پر مبنی سروے رپورٹ جاری ہونے کے فوراً بعد قومی سطح پر ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کا مطالبہ کیا۔
مسٹر یادو نے پیر کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ عہد کے مطابق بہار میں مہا گٹھ بندھن حکومت نے کامیابی کے ساتھ ذات پر مبنی سروے کرایا اور اس کی رپورٹ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے مقدس دن پر جاری کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سروے سائنسی طریقے سے کیا گیا تھا اور حکومت ان لوگوں کے لیے فلاحی اسکیمیں شروع کرنے کے مقصد سے جمع کیے گئے ڈیٹا کا استعمال کرے گی جو ترقی اور خوشحالی کی راہ میں پیچھے رہ گئے ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا، ‘‘ہم مرکز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد قومی سطح پر ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے ۔’’ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے کل جماعتی وفد کے سال 2021 میں قومی سطح پر ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کے مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے بہار میں ذات کی مردم شماری کے انعقاد میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی پوری کوشش کی تھی، لیکن مہا گٹھ بندھن حکومت کے عزم نے تمام رکاوٹوں کو دور کر دیا اور ذات مردم شماری کی راہ ہموار کی۔
مسٹر یادو نے بہار میں ذات پر مبنی سروے کو کامیابی سے یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے آنجہانی ملائم سنگھ یادو اور آنجہانی شرد یادو کی کوششوں کو بھی یاد کیا اور کہا کہ ان کا ذات پر مبنی مردم شماری کا خواب بہار نے آج حقیقت میں بدل دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کے اعلان کے مطابق ذات پر مبنی مردم شماری کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کے لیے جلد ہی ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی جائے گی۔