مقبوضہ بیت المقدس: فائرنگ سے ہلاک ہونے یہودی کی لاش کے گرد لواحقین افسردہ کھڑے ہیں
غزہ ؛ اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں 5یہود کو ہلاک کرنے والے فلسطینی حملہ آور کو مبارک باد پیش کی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی سرزمین فلسطین اور ہمارے مقدس مقامات کے خلاف جرائم کا جواب ہے۔ ہم نے کئی بار قابض دشمن کو اس کی خلاف ورزیوں اور جرائم میں اضافے کے نتائج سے خبردار کیا ہے۔
فلسطینی عوام مظالم کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے اور ہر طرح سے اس کی دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔ یاد رہے کہ منگل کے روز تل ابیب کے نواح میں واقع علاقے بنی براک میں فلسطینی بندوق بردار کی فائرنگ سے 5افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ مرنے والوں میں 2یوکرینی شہری تھے۔ پولیس کے مطابق مغربی کنارے کے گاؤں یاباد سے تعلق رکھنے والے ضیا حمارشہ نے بنی براک کے مرکزی حصے میں راہگیروں اور ایک کار پرفائرنگ کی ۔ حملہ آور نے مارے جانے سے قبل جائے وقوع پر پہنچنے والے ایک پولیس افسر کوبھی گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ 8روز کے دوران تیسرا حملہ ہے،جس میں یہودیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ ہفتے عرب شہری نے جنوبی شہر بیرشیبا میں چاقو حملہ کرکے 4افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ اس کے عد اتوار کے روز جنوبی اسرائیل میں اسرائیلی اورعرب وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر خضیرہ میں فائرنگ کے واقعے میں 2یہودی ہلاک اور 10زخمی ہوگئے تھے۔