تل ابیب نے ایسے حالات میں کہ جب دنیا کے مختلف علاقوں میں صیہونیت مخالف مظاہروں میں اضافہ ہو گیا ہے، صیہونی آبادکاروں کو اسی سے زیادہ ممالک کا سفر کرنے کی بابت خبردار کیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کی داخلی سلامتی کی کونسل نے صیہونی آبادکاروں کو اسّی سے زیادہ ممالک کا سفر کرنے کی بابت خبردار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس، آسٹریلیا اور برازیل ان ممالک میں شامل ہیں جن کے لئے درجہ دو کا انتباہ جاری کیا گیا ہے اور صیہونی آبادکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
صیہونی حکومت کی داخلی سلامتی کی کونسل نے جنوبی افریقہ، قزاقستان، ایرٹریا، ازبکستان اور قرقیزستان جیسے ممالک میں سفر کے لئے تیسرے نمبر کا انتباہ جاری کیا ہے اور صیہونی آبادکاروں سے کہا گیا ہے کہ ان ممالک کا سفر اختیار کرنے سے پہلے سفر سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔
واضح رہے کہ یہ انتباہات ایسے حالات میں جاری کئے گئے ہیں کہ جب روزانہ دنیا کے مختلف علاقوں میں ہونے والے اسرائیل کے خلاف مظاہروں میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز ہی انڈونیشیا میں سینکڑوں افراد نے فلسطین کی حمایت میں زبردست مظاہرہ کیا تھا۔