حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں واقع ایک دوا فیکٹری میں آگ لگ جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ آئی ڈی ایل بولارم انڈسٹرئیل اسٹیٹ میں پیش آنے والے اس واقعہ میں 8 لوگ جھلس گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کا یہ واقعہ شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ دوا فیکٹری میں شدید آگ لگ جانے کے بعد کثیف دھواں بھی نکلنا شروع ہو گیا۔
اس واقعہ کے ساتھ ہی وہاں کام کرنے والے افراد اپنی جان بچانے کے لئے دوڑ پڑے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض ورکرز فیکٹری میں ہنوز پھنسے ہوئے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ ہونے کے بعد آگ لگنے کا وقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ میں جھلس جانے والے افراد کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک چشمدید کی بنائی گئی ویڈیو میں فیکٹری سے دھویں کا غبار نکلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور آگ لگنے کے نتیجہ میں ارد گرد کے علاقوں میں گیس کے اخراج کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
فائر بریگیڈ کی ٹیم کی جانب سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ پولیس اور دیگر محکمہ کے حکام نے بھی موقع پر امدادی کاموں میں تعاون دیا۔ آگ لگنے کے واقعہ پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملہ کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ اس سے پہلے 21 مئی 2020 کو پی این ایم آرگینک کیمیکل لمیٹڈ، جوکہ آئی ڈی اے بولارام کے نزدیک واقع ہے، اس میں آگ لگ گئی تھی۔ اس واقعہ میں کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔