لکھنؤ : 16 ستمبر سے یہاں مراکش کے خلاف شروع ہونے والے ڈیوس کپ ورلڈ گروپ-2 کے میچ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا جمعرات کو اعلان کیا گیا۔
ہندوستان کے نان پلیئنگ کپتان روہت راجپال نے صحافیوں کو بتایا کہ ہندوستانی ٹیم میں ملک کے ٹاپ رینکنگ سنگلز کھلاڑی سمیت ناگل اور تجربہ کار روہن بوپنا کے علاوہ ششی کمار مکند، دگ وجے پرتاپ سنگھ اور یوکی بھامبری کو شامل کیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اہم قرعہ اندازی جمعہ کو اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں ہوگی، اس سے ایک گھنٹہ پہلے تک ٹیم میں تبدیلیوں کی گنجائش برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے کھلاڑی رینکنگ میں مراکش کو سرسری طور پر لینے کی غلطی کبھی نہیں کریں گے ۔ بوپنا حال ہی میں یو ایس اوپن کے ڈبلز میچ میں رنر اپ رہے ہیں اور ان کی فارم زبردست ہے جب کہ ہندوستانی ٹیم کو بھی سومیت ناگل سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔ ان کی ٹیم میچ کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔
دوسری جانب مراکش کے کپتان مہدی طاہری نے کہا کہ ان کے ملک میں آنے والے زلزلے نے ان کی پوری ٹیم کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ ایسے وقت میں گھر سے دور رہ کرکے کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے ۔
یہاں کا موسم بہت گرم اور مرطوب ہے لیکن اب ان کے کھلاڑی خود کو حالات کے مطابق ڈھال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دو تین دن پہلے آنا ان کی مدد کر رہا ہے ۔ مہدی نے دعویٰ کیا کہ وہ مقابلے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کاغذ پر مضبوط ہونے کے باوجود ڈیوس کپ میں کچھ بھی ممکن ہے ۔
ہندوستان اور مراکش کے درمیان چار سنگلز اور ایک ڈبلز میچ 16 اور 17 ستمبر کو وجینت کھنڈ، گومتی نگر کے منی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ڈی ڈی اسپورٹس پر ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔
راجپال نے کہا کہ مرطوب گرمی کی وجہ سے میچ کے آغاز کے وقت میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے ۔ 16 یعنی ہفتہ کو میچ 12 بجے کی بجائے 2 بجے شروع ہوں گے جبکہ اتوار کو 11 بجے کے بجائے دوپہر ایک بجے میچ کھیلے جائیں گے ۔