متھرا: سوریر تھانہ حلقے میں یمنا ایکسپریس وے پر سنیچر کی صبح ایک خوفناک حادثے میں چھ لوگوں کی المناک موت ہو گئی۔ یمنا ایکسپریس وے پر مائل سٹون نمبر 88 کے قریب پرائیویٹ بس سے اترنے والے مسافروں کو ایک بے قابو ٹینکر نے کچل دیا۔
بس میں سوار چھ مسافر موقعے پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ متعدد افراد شدید زخمی ہیں، جن میں سے ایک مسافر کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
ایس پی رورل سریش چند راوت نے بتایا کہ سوریر تھانہ حلقے میں یمنا ایکسپریس وے پر سنیچر کی صبح ایک سڑک حادثہ کی اطلاع ملی۔ پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور ابتدائی جانچ میں پتہ چلا کہ پرائیویٹ بس دہلی سے کانپور جا رہی تھی۔
سوریر پولیس تھانہ حلقے میں یمنا ایکسپریس وے پر مائل اسٹون نمبر 88 کے قریب بس سے کچھ مسافر پیشاب کرنے کے لیے اترے تھے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والا ایک بے قابو ٹینکر سب کے اوپر چڑھ گیا۔
دیہی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے مطابق ٹینکر کی زد میں آکر چھ افراد کی موقعے پر ہی موت ہو گئی۔ ایک شدید زخمی مسافر کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مرنے والوں کی شناخت اوریا کے رہائشی سونو، بستی کے رہائشی دیویش، قنوج کے رہائشی گنیش اور دہلی کے رہائشی سنتوش کے طور پر ہوئی ہے۔ دو دیگر کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ایک زخمی زخمی امر دوبے اوریا کا رہنے والا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔