انقرہ: شام اور ترکیہ کی سرحد پر ایک بار پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت کے باعث نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی ترکیہ میں مقامی وقت کے مطابق 8.04 بجے 6.4 شدت کے زلزلے محسوس کیے گئے جب کہ یہ علاقے پہلے ہی رواں ماہ کے آغاز میں تباہ کن زلزلوں سے متاثر ہوئے تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شام اور ترکیہ کے سرحدی علاقوں میں زلزلہ کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہونے والی وڈیوز میں دیکھا گیا ہے کہ حاطے صوبے میں عمارتیں اور بجلی کے کھمبے جھول رہے ہیں۔ ترکیہ اور شام کے علاوہ زلزلے کےجھٹکے مصر اور لبنان میں بھی محسوس کیے گئے۔
کسی بھی خبر رساں ادارے یا ترکیہ کے مقامی میڈیا سے حالیہ زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو آنے والے 2 تباہ کن زلزلوں میں ترکیہ اور شام میں 44 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں۔ ہزاروں عمارتیں منہدم ہونے کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں جب کہ عالمی سطح پر متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔