سری نگر،31 مارچ ؛ گرمائی دارلحکومت سری نگر کے نور باغ علاقے میں دوران شب آگ ایک بھیانک واردات میں کم سے کم دو درجن رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نور باغ کی گتہ کالونی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوگئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں 22 رہائشی مکان اور ایک ٹین شیڈ رکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ خاکستر ہونے والے ڈھانچوں میں گیارہ یک منزلہ، دس دو منزلہ اور ایک تین منزلہ مکان شامل ہے۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے دوران ایک فائر فائٹر سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کی شناخت منظور احمد شیخ، طاہر احمد شیخ اور تنویر احمد شیخ کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ گئی ہے۔
دریں اثنا محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ جب ہمارا عملہ جب جائے واردات پر پہنچا تو وہاں موجود لوگوں نے ہمارے کام میں رخنہ ڈالا اور ہم سے پائپیں وغیرہ چھین لی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ہمارے بعض اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا ہ اگر لوگ ہمارے کام میں مداخلت نہ کرتے تو آگ شاید اس قدر بھیانک رخ اختیار نہ کرتی۔