کوالمپور: ملائشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے کہا ہے کہ شام و عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش اب واقعی ملائشیا کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے یہ بات مبینہ طور پر داعش کے ریجنل ونگ کی جانب سے ریلیز کی جانے ویڈیو کے چند گھنٹوں بعد کہی، جس میں شدت پسند تنظیم نے حامیوں کی گرفتاری پر داعش کو حملوں کی دھمکی دی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق نجیب رزاق نے دہشت گردی کے حوالے سے کانفرنس میں خطاب کے دوران کہا کہ ملائشیا میں ویسے تو دہشت گردی کا بہت کم خطرہ ہے، لیکن اس کے باوجود ہم داعش کی اس دھمکی کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں کیونکہ یہ ایسا چیلنج ہے جس سے دنیا بھر کو خطرہ ہے۔
ملائشیا پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے ڈائریکٹر ایوب خان مائیدن پِچے کا کہنا تھا کہ ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں شدت پسند زیادہ منظم ہوگئے ہیں۔
تاہم اس ویڈیو کے مندرجات کی آزادنہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملائشیا کی پولیس نے کہا تھا کہ انہوں نے ملک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے داعش کے 7 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
مشتبہ افراد کے قبضے سے گولیاں، جہادی لٹریچر، داعش کے جھنڈے اور پروپیگنڈے کی ویڈیوز بھی برآمد کی گئی تھیں۔
قبل ازیں ملائشیا کے دارالحکومت کوالمپور میں خودکش حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کیا گیا۔