دہشت گرد امریکی فوج نے بغداد میں ڈرون سے حملہ کرکے کتائب حزب اللہ عراق کے ایک سینیئر کمانڈر کو شہید کردیا-
سحرنیوز/ دنیا: ایک امریکی عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی فوج نے بغداد میں حزب اللہ عراق کے ایک کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے-
خبروں میں یہ بھی کہاگیا کہ بغداد میں ایک کار پردہشت گرد امریکی فوج کے ڈرون حملے میں حزب اللہ عراق کے کمانڈر ابوباقر الساعدی اور ان کے دو دیگر ساتھی شہید ہوگئے-
حزب اللہ عراق کے سکریٹری جنرل ابوحسن الحمیداوی نے ابوباقر الساعدی کی شہادت پر عراقی عوام اور امت اسلامیہ کو تعزیت پیش کی ہے- عراق کی قومی سلامتی کے پریس دفتر نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئےاسے عراق کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے منافی قراردیا ہے اور کہا ہےکہ امریکا کا یہ اقدام خطرناک ہے۔
عراق کی اسلامی تحریک عصائب اہل الحق کے سربراہ قیس الخزعلی نے امریکی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے عراقی حکومت سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر امریکا سے اپنے فوجیوں کو عراق سے باہر نکالنے کو کہے۔
بغداد میں ڈرون حملے کے ذریعے عراقی استقامتی تحریک کے کمانڈر کو شہید کرنے کے امریکی اقدام کی علاقے کی سبھی استقامتی تحریکوں نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے اقدام سے امریکا کے خلاف خطے کے عوام کی نفرت اور امریکا مخالف اقدامات میں کمی واقع نہيں ہوگی۔
امریکی حملے کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے بغداد کی سڑکوں پر نکل کر امریکا کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بغداد کے گرین زون کو جانے والے سبھی راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔