واشنگٹن: غزہ میں فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام میں اسرائیل کاساتھ دینے پر امریکی مسلمان کمیونٹی نے آئندہ انتخابات میں جو بائیڈن کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی ریاست مشی گن، منی سوٹا، ایریزونا، وسکونسن، فلوریڈا، جورجیا، نیواڈا اور پینسلوینیا سے تعلق رکھنے والے رہنما شہر ڈیئربارن میں اکھٹے ہوئے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے جو بائیڈن کی حمایت ترک کرنے کا اعلان کیا۔
امریکا میں عرب ممالک کے مسلمانوں کی سب سے زیادہ آبادی مشی گن کے شہر ڈیئربارن میں رہائش پذیر ہے۔
ڈیئربارن میں منعقد ہونے والے اجلاس میں شریک ریاست منی آپلس سے تعلق رکھنے والے مسلمان رہنما جیلانی حسین نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ نہ کرنے میں عدم دلچسپی پر صدر جو بائیڈن کے امریکی مسلمان کمیونٹی کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے جو شاید ٹھیک نہ ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کمیونٹی میں بے حد غصہ پایا جاتا ہے جس کا امریکی صدر اندازہ بھی نہیں لگا سکتے۔