بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے شیعہ علماء کونسل کے صدر سید مجید مشعل کو رہائی کے چوبیس گھنٹے بعد ہی دوبارہ گرفتار کر لیا۔
بحرین کے ٹیلی ویژن چینل اللؤلؤه کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی پولیس نے ایسے میں شیعہ علماء کونسل کے صدر سید مجید مشعل کو گرفتار کیا کہ تا حال ان کی گرفتاری کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ بحرین کی عدالت نے اس معروف عالم دین کو ڈھائی سال جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد رہا کیا تھا۔
شیعہ علماء کونسل کے صدر سید مجید مشعل کودو ہزار سولہ میں الدراز کے علاقے میں دھرنے دیئے جانے کی وجہ سے ڈھائی سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے- بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات، آزادی اور جمہوریت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بحرینی حکومت نے اس عرصے میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر عوام کی جائز جد وجہد کو فوجی طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی ہے جس کے دوران سیکڑوں بحرینی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔