لکھنؤ: اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں کلرک کی بھرتی میںایک امیدوار کی جگہ امتحان دے رہے جعل ساز کو امتحانی مرکز پر تعینات لوگوں نے پکڑ لیا ۔ تفتیش کے بعد جعل ساز کو موہن لال گنج پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔
پولیس نے ملزم کے خلاف فریب دہی اور جعل سازی کی رپورٹ درج کر لی ہے ۔ ایس پی دیہات حبیب الحسن نے بتایا کہ ٹاٹا کنسلٹینٹ ایس بی آئی کے کلرک کی بھرتی کا امتحان منعقد کر رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح امتحان موہن لال گنج کے سوریہ انجینئر نگ کالج میں منعقد کیا گیا تھا ۔
امتحان کے دوران ہی مرکز پر تعینات بینک افسران کو ایک نوجوان پر شک ہوا، اس کے ایڈمٹ کارڈ اور دیگر دستاویز چیک کئے گئے تو پتہ چلا کہ وہ بہار کے سیتامڑھی کے باشندہ سچن کے نام پر امتحان دے رہا تھا ۔پوچھ کچھ میں ملزم جعل ساز نے اپنا
نام پٹنہ کا باشندہ ارنو کمار بتایا ۔
ارنو کمار نے اسی برس انٹر کا امتحان پاس کیا تھا ۔ پولیس نے ارنو کمار کو جعل سازی اور فریب دہی کے معاملے میں گرفتار کر لیا ہے ۔ چند روز قبل بھی حضرت گنج علاقے سے بینک کے امتحان میں ایک امیدوار کی جگہ امتحان دے رہے جعل ساز کو پکڑا گیا تھا ۔