عراق کی سرحدی گزرگاہوں کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ اربعین حسینی میں شرکت کرنے کیلئے زائرین عراق پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور اب تک 92 ہزار زائرین مختلف گذرگاہوں سے عراق پہنچ چکے ہیں۔
عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کی رپورٹ کے مطابق عراق کی سرحدی گذرگاہوں کے ڈائریکٹر عمر الوائلی نے آج بروز اتوار کہا ہے کہ جمعرات سے ہفتہ کے روز تک اربعین حسینی میں شرکت کرنے کیلئے 12 گذرگاہوں سے 92 ہزار زائرین عراق پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب عراقی مسلح افواج کے جوائنٹ آپریشن کمانڈ کے ترجمان تحسین نے کہا ہے کہ اس سال بیرون ممالک سے عراق میں داخل ہونے والے زائرین کی تعداد 50 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی عوامی سونامی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کو زیادہ افرادی قوت اور وسائل کی ضرورت ہے۔ ہمارے منصوبے کے مطابق ۱۵ ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار سادہ لباس میں زائرین کے درمیان مختلف مقامات پر تعیینات ہوں گے جن کی ذمہ داری امن و امان کی صورت حال کی نگرانی کرنا ہے۔
واضح رہے کہ 20 صفر کو اربعین حسینی ہے اور ہر سال زائرین ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام اربعین ملین مارچ میں شرکت کرنے کیلئے پوری دنیا سے عراق کا رخ کرتے ہیں۔