واشنگٹن:امریکہ کے صدر جو بائڈن نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کا سب سے بڑا خطرہ “نسل پرستی” ہے، امریکی قوم داخلی جھڑپوں سے لرز رہی ہے۔
صدر بائڈن نے واشنگٹن ڈی سی میں ہاورڈ یونیورسٹی کی تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کیا۔ خطاب میں امریکہ میں سفید رنگ کی بالادستی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ “ہمارے وطن میں رنگ و نسل کا امتیاز سب سے خطرناک دہشت گردی ہے۔ میں اس بات کو ہمیشہ سے کہتا آ رہا ہوں کہ امریکی قوم داخلی جھڑپوں سے لرز رہی ہے۔
انہوں نے تقریب میں شریک طلبہ و طالبات سے قوم کی روح کے لئے جدوجہد کرنے کی اپیل کی۔ بائڈن کے نسل پرستی کے خلاف بیانات کے باوجود بعض طالبعلموں نے ہاتھوں میں “بائڈن اور ہیرس سیاہ فاموں سے دلچسپی نہیں لے رہے” اور “اٹھو، جدوجہد کرو، سیاہ فام خطرے میں ہیں” جیسے نعروں والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
ہاورڈ یونیورسٹی میں خطاب کرنے والے ساتویں صدر کی حیثیت سے یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے صدر بائڈن کو ڈاکٹریٹ کا اعزازی عنوان دیا گیا۔ واضح رہے کہ امریکہ کی نائب صدر کمالہ ہیرس بھی ہاورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔