سہارنپور، 06 ستمبر (یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی اور ریاستی حکومت تمام طبقوں کی ترقی کے لئے بغیر امتیاز کے کام کر رہی ہے۔
مسٹر یوگی نے آج سہارنپور کے گنگوہ قصبے میں ساڑھے چار سو کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر حکومت کی طرف سے منعقدہ مختلف اسکیموں کے میلے کا بھی افتتاح کیا، جس میں 15 اسٹال لگے ہیں۔
وزیر اعلی نے یہاں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد نریندر مودی نے دو بڑے تاریخی کام کئے پہلا جموں کشمیر سے دفعہ 370 ختم کرنا اور دوسرا مسلم خواتین کے لئے تین طلاق کو ختم کرنے کے لئے قانون بنانا۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بننے کے بعد سب سے پہلے گائے کی حفاظت اور تحفظ کے لئے اقدامات کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت سبھی لوگوں کے مفادات کو ذہن میں رکھ کر ان کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ بی جے پی حکومت بے گھروں کو رہائش، کسانوں کو پنشن، غریبوں کو ہیلتھ انشورنس، معذروں یا غریب خواتین کو پنشن، راشن کارڈ اور دیگر سہولیات بغیر امتیاز کے فراہم کرا رہی ہے ۔ریاست میں چھ ہزار کسانوں کو ایک کروڑ 57 ہزار روپے کی رقم بطور پنشن کے طور پر دی جا چکی ہے۔