ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے انتقامی کارروائی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی لاریجانی اور دیگر شہداء کا خون ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔
ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کے قتل کی تصدیق کے بعد اپنا ردِعمل جاری کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں علی لاریجانی کو ایک نمایاں شخصیت، مفکر اور انقلابی سیاست دان قرار دیا گیا ہے۔
ایران نے قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کی شہادت کی تصدیق کردی
پاسدارانِ انقلاب نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس عظیم شہید کا خون، دیگر عزیز شہداء کی طرح عزت، طاقت اور قومی بیداری کا ذریعہ بنے گا۔
جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب اس عظیم شہید اور دیگر شہداء کے خون کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز ایران کی قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کو شہید کر دیا تھا۔
67 برس کے علی لاریجانی انقلابِ ایران کے بعد ابھرنے والی اہم سیاسی شخصیات میں شامل تھے۔
علی لاریجانی ایران کے طاقتور مذہبی و سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، وہ متعدد بار صدارتی انتخابات میں بھی اہم امیدوار رہے۔
انہوں نے بطور اسپیکر پارلیمنٹ 12 سال تک مجلسِ شوریٰ کی قیادت کی، وہ ایران کے چیف مذاکرات کار برائے جوہری پروگرام بھی رہ چکے ہیں۔
شہید علی لاریجانی کو ایران کی قدامت پسند مگر نسبتاً معتدل سوچ رکھنے والی سیاسی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔