نئی دہلی: مرکزی حکومت نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) یو یو للت سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے جانشین کا نام فراہم کریں۔
خیال رہے کہ جسٹس یو یو للت 8 نومبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے جا رہے ہیں اور ذرائع کے مطابق جسٹس للت جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کو اگلے چیف جسٹس کے طور پر نامزد کر سکتے ہیں۔
وزارت قانون و انصاف نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ چیف جسٹس آف انڈیا اور سپریم کورٹ کے ججوں کی تقرری پر نافذ العمل ایم او پی (طریقہ کار کی یادداشت) کے مطابق آج وزیر قانون و انصاف نے چیف جسٹس آف انڈیا کو ایک خط بھیج کر ان سے کہا ہے کہ وہ اپنے جانشین کی تقرری کے لیے سفارش فراہم کریں۔
خیال رہے کہ سی جے آئی اپنی ریٹائرمنٹ سے ایک ماہ قبل اپنے جانشین کے طور پر سینئر ترین جج کے نام کی سفارش کرتے ہیں اور وہ عام طور پر نئے ججوں کی تقرری پر حتمی فیصلہ نہیں لیتے۔
سپریم کورٹ میں چار ججوں کے عہدے تاحال خالی ہیں اور نئے ججوں کی سفارش کی تجویز پر تعطل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کے پانچ رکنی کالجیم میں سے دو نے باضابطہ ملاقات کے بجائے تحریری نوٹ کے ذریعے عدالت عظمیٰ کے وکیل سمیت چار نئے ججوں کی سفارش کرنے کی تجویز کی مخالفت کی ہے۔
چیف جسٹس آف انڈیا، جو کالجیم کی سربراہی کرتے ہیں، انہوں نے اس کے چار ارکان جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، ایس کے کول، ایس عبدالنظیر، اور کے ایم جوزف کو خط لکھ کر پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس روی شنکر جھا، پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سنجے کرول، منی پور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پی وی سنجے کمار اور سینئر ایڈوکیٹ کے وی وشواناتھن کی ترقی کے لیے ان کی رضامندی طلب کی تھی۔
سپریم کورٹ 10 اکتوبر کو دوبارہ کھلنے جا رہا ہے۔ اب تک، سی جے آئی کی سربراہی والے کالجیم نے بمبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیپانکر دتا کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی ہے۔