لکھنؤ: بھارتیہ جن سنگھ کے بانی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی ۶۶ویں برسی کے موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سول اسپتال میں وینٹی لیٹر کا افتتاح کیا۔ منگل کو شیاما پرساد مکھرجی اسپتال میں منعقد ایک پروگرام کے دوران وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر مکھرجی کی مورتی پر گلپوشی کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ان کے ساتھ وزیر صحت جے پرتاپ سنگھ، کابینی وزیر برجیش پاٹھک، ڈاکٹر مہیندر سنگھ، بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ اور محکمہ صحت کےاعلیٰ افسر موجود تھے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سول اسپتال کامعائنہ کیا اور مریضوں کو مل رہی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔
واضح رہے کہ سول اسپتال میں دو شنبہ کو ہی ۱۲ وینٹی لیٹر ملے ہیں۔ ان میں ۷ پی آئی سی یو، ایک نیو نیٹل، دو ایمرجنسی وارڈ اور دو کارڈیک وارڈ میں لگے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ مریضوں کے علاج میں کسی طرح کی کوتاہی نہ ہو اور کورونا کے دور میں عام مریضوں کو بھی معقول علاج ملے۔