لکھنؤ: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو وکست بھارت سنکلپ یاترا کے مستفیدین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے یوگی نے منگل کو کہا کہ ذات کی سیاست کرنے والے سماج کو تقسیم کرنے کا کام کررہے ہیں۔
ہمیں ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنا ہوگا اور معاشرے کو متحد کرکے قومی بااختیاری کی سمت میں کام کرنا ہوگا۔ آج ملک میں غریبوں کے لئے نہ صرف اسکیمیں بن رہی ہیں بلکہ ان پر عمل بھی ہو رہا ہے ۔ سرکاری اسکیموں کا فائدہ دیہاتوں، غریبوں اور نوجوانوں تک بلا تفریق پہنچ رہا ہے ۔ وکست بھارت سنکلپ یاترا کا مقصد ہر شخص کے چہرے پر خوشی لانا ہے ۔
مستفیدین سے بات چیت پروگرام کے تحت یوگی نے میرٹھ، بستی، چندولی، مہوبہ اور بارہ بنکی کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے ریاست کے تمام 75 اضلاع میں 800 مقامات پر منعقد کی گئی وکست بھارت سنکلپ یاترا کے مستفیدین سے آن لائن رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت سنکلپ یاترا کے تحت ریاست میں 642 مودی گارنٹی وین چل رہی ہیں۔
اب تک مودی گارنٹی وین اتر پردیش کی 57709 گرام پنچایتوں میں سے 36983 گرام پنچایتوں تک پہنچ چکی ہے ۔ اس کے علاوہ 762 بلدیاتی اداروں میں 1027 پروگرام منعقد کئے گئے ہیں۔ اب تک، یہ یاترا ریاست کے اندر تقریباً تین کروڑ لوگوں سے جڑچکی ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ 6برسوں میںاترپردیش میں ساڑھے 55لاکھ غریبوں کو رہائش گاہ اور 3کروڑ غریبوںکو بیت الخلا دیئے گئے ہیں۔ اجول اسکیم کے تحت ایک کروڑ 75لاکھ غریبوں کو رسوئی گیس کے مفت کنکشن اور ایک کروڑ 54لاکھ سے زیادہ کنبوںکو مفت بجلی کنکشن فراہم کرائے گئےہیں۔ ریاست کے 10 کروڑ لوگ آیوشمان بھارت اسکیم سے کور ہوئے ہیں۔
اس موقع پر ریاستی وزیر زراعت بلدیو سنگھ اولکھ، چیف سکریٹری درگا شنکر مشر، ایڈیشنل چیف سکریٹری زراعت دیوش چترویدی، ایڈیشنل پرنسپل سکریٹری دیہی ترقیات ہمانشو کمار، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ داخلہ اور اطلاعات سنجے پرسانت، پرنسپل سکریٹری صحت پارتھ سارتھی سین شرما، پرنسپل سکریٹری آئی سی ڈی ایس وینا کماری مینا، پرنسپل سکریٹری بنیادی تعلیم ایم کےایس ، سندر مے، پرنسپل سکریٹری منصوبہ بندی آلوک کمار، اطلاعات ڈائریکٹر ششر سمیت سینئر افسران موجود تھے۔