رہبر انقلاب اسلامی نے ماہ ضیافت الہی کی مبارک باد کے ساتھ رمضان کے بابرکت مہینے کے فرائض و اعمال بجا لائے جانے کی ضرورت و اہمیت کی جانب متوجہ فرمایا۔
ماہ مبارک رمضان کے آغاز کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی میزبانی میں محفل قرآنی کا اہتمام کیا گیا۔
کورونا وائرس کی بنا پر وزارت صحت کی جانب سے حفظان صحت اور احتیاطی تدابیر اختیار کئے جانے کی تاکید کے پیش نظر، اس سال محفل قرآنی کا اہتمام دو الگ الگ مقامات پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کیا گیا جس میں تہران کے حسینہ امام خمینی (رح) سے رہبر انقلاب اسلامی جبکہ مصلائے امام خمیمنی (رح) سے قاریان قرآن کریم نے شرکت کی۔
معنویت و روحانیت سے لبریز اس محفلِ قرآنی میں ایرانِ اسلامی کے معروف قُرّائے کرام نے اپنی روح پرور تلاوتِ قرآن کے ذریعے سامعین و ناظرین کو فیضیاب کیا۔
محفل قرآنی کے اختتام پر رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے مختصر خطاب میں تمام انسانوں اور مسلمانوں کی جانب سے قرآنی دستورات کے مطابق زندگی بسر کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آپ نے فرمایا جس طریقے سے ایک ڈاکٹر کے نسخے پر عمل کئے بغیر بیمار شفایاب نہیں ہو سکتا، اُسی طرح امت اسلامیہ قرآنی ہدایات پر عمل پیرا ہوئے بغیر سعادت و کامرانی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی۔
آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے امیر المومنین علیہ السلام کے قول ’’اِن ھذا القرآن ظاھرہ انیق و باطنہ عمیق‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ قرآن کریم کا ظاہر حسین و دلربا ہے جبکہ اُس کے باطن میں عمق اور گہرائی پائی جاتی ہے اور قرآن کریم کے ظاہری الفاظ و آیات میں ہی انسانی زندگی کے لئے ہزاروں ہدایات موجود ہیں جن سے ہر انسان فیضیاب ہو سکتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ظالم حکمرانوں اور ظلم و استبداد کے مقابلے میں قرآنی احکامات و الہی فرامین پر عمل کو تمام مسائل و مشکلات کا حل قرار دیا اور فرمایا کہ سماج و معاشرے کی بھلائی اسی میں ہے کہ خداوند کریم پر اعتماد و یقین کے ساتھ ظالموں اور ظلم و استبداد کے مقابلے میں ڈٹ کر حق کا لوہا منوایا جائے اور برائیوں سے بچا جائے اور نیکیوں پر عمل کیا جائے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قرآن کریم کے دستورات پر عمل کر کے ہر انسان مطلوب اور مثبت نتائج کا مشاہدہ کر سکتا ہے اور دنیا و آخرت میں بھی اس کا مقام بلند ہوگا۔