عراق کے صحافیوں نے ایک احتجاجی اجتماع کر کے امریکا میں ایران کے پریس ٹی وی کی خاتون اینکر مرضیہ ہاشمی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
عراق کے صوبے نجف اشرف کے صحافیوں اور سیاسی شخصیات نے ایران کے پرس ٹی وی کی اینکر مرضیہ ہاشمی کی امریکی ایف بی آئی کے ہاتھوں گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے-
عراقی صحافیوں نے امریکی جیل میں مرضیہ ہاشمی کو دی جانے والی ایذاؤں اور ان ذہنی اذیتوں کی بھی مذمت کی اور ان کی غیر مشروط فوری رہائی کا مطالبہ کیا-
نجف اشرف صوبے کی جرنلسٹ یونین کے سربراہ ایاد الجبوری نے کہا کہ پرس ٹی وی کی اینکر کی گرفتاری نے آزادی بیان کے لئے امریکا کے جھوٹے دعوے کی قلعی کھول دی ہے-
ادھر عراق کے شمالی صوبے نینوا کی وکلا برادری نے بھی امریکی پولیس کے ہاتھوں پرس ٹی وی کی اینکر مرضیہ ہاشمی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا-