نیلور کی ایک گائے، جسے مقامی طور پر Viatina 19 FIV Mara Amoves کے نام سے جانا جاتا ہے، برازیل میں منعقدہ لائیو اسٹاک نیلامی میں سب سے زیادہ بولی لگائی گئی ہے۔ اس نیلامی میں نیلور گائے کی نیلامی قیمت 4.8 ملین ڈالر یعنی ایک ارب روپے سے زائد ہے۔
اس گائے کی اصل تاریخ ہندوستان کی ہے، نیلور گائے کو برازیل میں اونگولز کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اوکلاہوما یونیورسٹی کے ایک مضمون کے مطابق 1962 میں برازیل کی حکومت نے ہندوستان سے 84 جانور درآمد کیے تھے، جن میں اونگول بھی شامل تھے۔
نیلور گائے اپنی خصوصیات کی وجہ سے ہر کسی کی توجہ حاصل کرتی ہے، یہ نسل اپنے سفید رنگ، لمبے قد، خوبصورتی اور مضبوط تھن کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔
یہ دنیا میں لائیو اسٹاک کی سب سے بڑی نیلامی ہے جسے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس نیلامی کی ایک بڑی وجہ اس جانور کی خوبیاں ہیں جس کی وجہ سے خریدار کروڑوں روپے کی بولی لگاتے ہیں۔
اس جانور میں جفاکشی اور چستی جیسی بہت سی خصوصیات ہیں، اس جانور کے بچے بھی متحرک رویے کے حامل ہوتے ہیں۔ جسمانی طاقت کے ساتھ ساتھ یہ جانور خطرناک موسمی حالات میں بھی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔