نئی دہلی ،2 ستمبر ( یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے ملک کو برباد کردیا ہے اور اس سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم ہر محاذ پر کمزور ثابت ہورہے ہیں۔
مسٹر گاندھی نے بدھ کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا’’ملک آج مودی کے ذریعہ پیدا ہونے والی تباہی کی زد میں ہے۔ آج جی ڈی پی میں منفی 23.9 فیصد کی تاریخی گراوٹ آئی ہے۔ 45 برسوں میں آج سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ بارہ کروڑ ملازمتیں چلی گئیں۔ ریاستوں کو ان کے حصے کے جی ایس ٹی کے واجبات ادا نہیں کئے جارہے ہیں۔ ‘‘
انہوں نے حالیہ واقعات پر بھی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا’’ہمارے یہاں آج دنیا میں سب سے زیادہ لوگ کوروناوائرس سے متاثر ہورہے ہیں اور سب سے زیادہ لوگ مر رہے ہیں۔ ہماری سرحد پر بیرونی قوتیں جارح بنی ہوئی ہیں‘‘۔