نئی دہلی، 31 مئی؛)کانگریس نے کہا ہے کہ کورونا کو شکست دینے کی حکومت کی جانب سے 24 مارچ کو نفاذ کئے گئے لاک ڈاؤن کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں لوگوں نے بھائی چارے کی ایسی کئی مثالیں پیش کئے ہیں جن سے مودی حکومت کا ایجنڈا ہی بدل گیا اورملک نئی راہ پرچل پڑا۔
کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے اتوارکو یہاں خصوصی نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کہا ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت والی حکومت 24 مارچ سے پہلے اوراس کے بعد جو کام کررہی ہے، اس میں بہت فرق ہے۔
گزشتہ برس مئی سے لے کر اس سال 24 مارچ تک یہ حکومت پولرائزیشن کی سیاست کرتی رہی اور آرٹیکل 370، رام مندر، تین طلاق اوراین آر سی جیسے مسائل کے سہارے سیاسی فائدے کے لئے کام کرتی رہی لیکن کورونا کی وبا کے بعد اس حکومت کا ایجنڈا ملک کی عوام نے بدل دیا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد حکومت کا ایجنڈا پیچھے چھٹ گیا ہے اور یہ وبا دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ہماری حکومت کے لئے بھی لاچاری بن گئی۔
مودی حکومت اس سے پہلے ملک میں بھائی چارا خراب کررہی تھی لیکن وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اس نے جو لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا، اس میں انسانیت کی خدمت دیکھنے کو ملی جس سے بغیر کسی بھیدبھاؤ کے بھائی چارے میں اضافہ ہوا۔