کیوبا کے مقامی میڈیا کے مطابق سرکاری فضائی کمپنی کیوبانا ڈی ایویشن کا بوئنگ 737 مسافر جہاز دارالحکومت ہوانا کے ہوائی اڈے ہوزے مارٹی سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔
جہاز میں 104 مسافر اور عملے کے نو افراد شامل تھے لیکن ابھی تک مرنے والوں کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار تمام افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔
میڈیا کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں تین بچے ہیں اور وہ ’ہسپتال میں ہیں اور ان کی حالت ابھی نازک ہے۔‘
کیوبا کے صدر مگوئیل ڈیاز کانیل ائیر پورٹ پہنچ گئے ہیں اور انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حادثے میں ‘بڑی تعداد’ میں لوگ ہلاک ہو سکتے ہیں۔
‘یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے اور ہمیں زیادہ امید نہیں ہے کہ لوگ اس حادثے میں زندہ بچے ہوں گے۔’
کیوبا کی قومی فضائی کمپنی نے یہ بوئنگ طیارہ میکسیکو کی کمپنی سے لیز پر لیا ہوا تھا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ہوانا سے روانہ ہونے والی پرواز ملک کے دوسرے شہر ہولگئن جا رہی تھی۔
میڈیا پر آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جس مقام پر جہاز گرا ہے وہاں سے دھواں اٹھ رہا ہے اور امدادی کاروائی کرنے کے لیے عملہ موجود ہے۔
یاد رہے کہ فضائی کمپنیوں پر کی گئی تحقیق کے مطابق گذشتہ سال کمرشل جہازوں کے لیے محفوظ ترین سال تھا جس میں دنیا بھر میں ایک بھی فضائی حادثہ نہیں ہوا تھا۔
لیکن 2018 میں اب تک ایسے کئی واقعات ہو چکے ہیں۔ گذشتہ مہینے الجزائر میں فوجی طیارہ گر کر تباہ کو گیا تھا جس کے نتیجے میں 250 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔