سڈنی:فجی میں آج طاقتور زلزلہ آنے کے بعد سونامی کا خطرہ ٹل گیا ہے اور قومی آفاتی دفتر کی جانب سے جاری سونامی کی وارننگ کو بھی واپس لے لیا گیا ہے ۔امریکی محکمہ ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز فجی کے دارالحکومت سوا سے 175 کلومیٹر جنوب مغرب میں زمین سے 15 کلومیٹر گہرائی میں واقع تھا۔ زلزلے کی شدت کا اندازہ پہلے 7.2 لگایا گیا تھا لیکن بعد میں اسے گھٹا کر 6.9 کر دیا گیا۔
زلزلے سے جان و مال کے نقصان کی خبر نہیں ہے ۔ فجی کے قومی آفات کے دفتر نے طاقتور زلزلے کے بعد پورے ملک میں سونامی کی وارننگ جاری کی تھی جس کے بعد نچلے علاقوں کو خالی کروانے اور سڑکوں پر جام لگنے سے لوگوں کے درمیان افراتفری کی صورت حال بن گئی تھی۔
فجی کے دارالحکومت سوا میں ریڈکراس میں کام کرنے والے کورن امبلیر نے ٹوئیٹر پر بتایا کہ تمام ریڈ کراس ملازم اور دارالحکومت کے زیادہ تر لوگ سونامی کی وارننگ کے بعد بالائی علاقوں پر چلے گئے ہیں۔پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے بھی سونامی کی وارننگ واپس لے لی ہے اور بتایا ہے کہ قریبی جزائر ممالک میں بھی سونامی کا خطرہ نہیں ہے ۔